Tuesday, 18 December 2018

قطب ربانی ، محبوب سبحانی ، سلطان الاولیا ،نقیب الاشراف ، پیران پیر ، غوث الثقلین سیدنا الشیخ محی الدین عبدالقادر جیلانی بغدادی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی بارگاہ اقدس میں خراج عقیدت ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ از قلم محبوب گوہر اسلام پوری

قطب ربانی ، محبوب سبحانی ، سلطان الاولیا ،نقیب الاشراف ، پیران پیر ، غوث الثقلین سیدنا الشیخ محی الدین عبدالقادر جیلانی بغدادی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی بارگاہ اقدس میں خراج عقیدت 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ از قلم  محبوب گوہر اسلام پوری 


نشان فضل الہی ہیں غوث صمدانی 
خدا نے بخشی ولایت کی ان کو سلطانی 

تمام پیروں میں ثانی نہیں کوئی ان کا
اسی لئے انہیں
کہتے ہیں پیر لاثانی 

سمجھ لو غوث کی روحانیت ہے جلوہ فزا
جس انجمن میں عقیدت کی ہو فراوانی 

بنالے غوث کی مدحت کو مستقل عنوان 
جو چاہتا ہے کہ افکار میں ہو تابانی 

مصیبتوں میں گھرا ہوں مگر مجھے ہے یقیں 
 طفیل غوث مٹے گی ہر اک پریشانی 

مزار غوث کا طغرا اگر رہے گھر میں 
نہ چل سکے گا کبھی اس پہ زور شیطانی 

گھرانہ نور کا  کنبہ قبیلہ  نور کا ہے 
اسی لئے  تو سراپا ہے  ان کا نورانی

ہیں ام خیر اگر ماں تو باپ ابو صالح 
تو کیوں نہ ان کے ہوں فرزند قطب ربانی 

خزاں کے سینے پہ"یاغوث"پڑھ کے دم کردو
ضرور ہوگی بہاروں کی جلوہ سامانی 

نہ کیوں زبان پہ غوث الوری کا نام رہے 
کسے پسند نہیں مشکلوں میں آسانی 

مرے نصیب مجھے لے کے چل کبھی بغداد 
جہاں پہ اہل عقیدت کی خم ہے پیشانی 

بتادو صرف اسے غوث کا غلام ہوں میں 
کرے گا جن نہ ترے ساتھ کوئی منمانی 

ضرور آئیں گے پھر اہل حق کے اچھے دن
بھروسہ آپ پہ ہم کو ہے شاہ جیلانی

نہیں ہو غوث کی یادوں کا نقش آویزاں 
 تو دل کے حجرے کا ماحول کیا ہوروحانی

کہیں بھی کہتا ہوں یہ بات فخر سے گوہر 
کہ میرا پیشہ ہے آبائی یہ ثنا خوانی

No comments:

Post a Comment