عالم اسلام کو آمد رسول کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک وسعید گھڑی "صبح بارہویں شریف" مبارک ہو۔ پاک پروردگار عالم ربیع النور کے صدقے آپ سب کے دامن حیات کو خوشیوں سے بھردے آمین
بارہویں کی صبح
از قلم ۔۔ محبوب گوہر اسلام پوری
روشن ہوا ہے ماہ حرا بارہویں کی صبح
ورد زباں ہے صل علی بارہویں کی صبح
صد مرحبا رسولوں کے سردار آگئے
جبریل دے رہے ہیں صدا بارہویں کی صبح
شائستگی کو نور، شرافت کو پیرہن
تہذیب کو ملی ہے بقا بارہویں کی صبح
صدیوں کے خشک باغ میں آئی بہار نو
اٹھلا کے چل رہی ہے صبا بارہویں کی صبح
زندہ ہوئیں تھیں دفن عرب میں جو بچیاں
روحوں کو ان کی، چین ملا بارہویں کی صبح
ارض وسما کے سارے مکینوں کے واسطے
ہے خاص فضل رب علی بارہویں کی صبح
کاسہ لئے کھڑے ہیں ستارے زمین پر
تقسیم ہورہی ہے ضیا بارہویں کی صبح
منحوس کہ رہے تھے جنہیں سب سماج میں
سر پر پڑی ہے ان کے، ردا بارہویں کی صبح
کچھ اور بھی مہینے کی صبحیں ہیں یادگار
لیکن ہے خوبیوں میں جدا بارہویں کی صبح
دھم سے گرے زمین پہ کعبے کے سارے بت
جب آگئے رسول خدا بارہویں کی صبح
ملتا نہیں خزاں کا کہیں بھی اتہ پتہ
ہر باغ ہو گیا ہے ہرا بارہویں کی صبح
میلاد مصطفی کی ہے ہرسو چہل پہل
خوشبو اڑا رہی ہے ہوا بارہویں کی صبح
گوہر مرے رسول نے آتے ہی ڈال دی
پھولوں کے تن بدن پہ قبا بارہویں کی صبح
No comments:
Post a Comment